ٹی وی اداکارہ نادیہ جمیل سے ملئے، جو ایک کینسر سروائیور ہیں۔
مگر نادیہ جمیل کا اصل تعارف ذیل میں دی گئی چھ بچوں کے ساتھ تصویر ہے، جن کو نادیہ علی پال پوس کر بڑا کر رہی ہیں۔ ان کا تعارف وہ خود اس طرح کرواتی ہیں.
بائیں طرف کھڑا ‘صابر’ سب سے بڑا ہے ۔ اس نے میٹرک کرلیا ہے اور GET شروع کر رہا ہے۔ وہ فوج میں جانا چاہتا ہے۔ وہ 4 سال کا تھا، جب میں نے اسے اینٹوں کے بھٹے پر مزدوری کرتے دیکھا تھا۔ اب 17 سال کا ہے۔ آج یہ اپنی کہانی سے دوسروں کو حوصلہ دیتا ہے۔ یہ میرا صبر والا بچہ ہے۔
اس کے ساتھ میرا ہیرو ارشد ہے، جو چائے کے سٹال پر کام کرتا تھا اور اب وہ ایک انجنیئر بننا چاہتا ہے۔
اس کے ساتھ میں میرا آزاد ہے۔ وہ 7 سال کا تھا، جب میں اس سے پہلی مرتبہ ملی۔ اس نے بہت جدوجہد کی ہے۔ ہمارے ساتھ اٹھنا بیٹھنا سیکھا، ہمیں قبول کیا۔ اس کی حقیقی ماں اپنے بچے کو بھکاری بنانا چاہتی تھی، اسے سڑکوں پر سونے کے لئے مجبور کرتی تھی۔ اس کو اس ماحول سے نکل کر اپنے آپ کو ہمارے لئے ڈھالنا ایک مشکل کام تھا، جو آزاد نے بہت محنت سے کیا۔
پھر میرا فرشتہ محمد طلحہ انعام ہے۔ اس کی پیدائش کے چند گھنٹے بعد اس کی ماں کا انتقال ہو گیا۔ ان کے والد نیٹو کے ڈرون حملے میں مارے گئے۔ جب وہ پہلی بار میرے پاس آیا، تو وہ رو رہا تھا لیکن آج یہ سب کے ساتھ مسکرا رہا ہے۔
اس کے بعد علی شاکر ہے۔ علی ایک محنتی، مطالعہ کرنے والا نوجوان ہے۔ اس نے اپنے ماں باپ اور بہن، بھائیوں کو اپنے چچا کے ہاتھوں قتل ہوتے ہوئے دیکھا، وہ خود چھپ گیا تھا۔ لیکن شکر ہے کہ وہ اب ہمارے ساتھ یہاں آزادی کی زندگی گزار رہا ہے۔
میرے بیٹے میرا فخر اور دل کی خوشی ہیں۔ میں ان کے ساتھ بہت خوش ہوں۔ یہ مجھے زندگی جینے اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتے ہیں۔
نادیہ جمیل معروف اداکارہ ہیں انہوں نے بہت سے مشہور ڈراموں (جن میں دھوپ چھاؤں، در شہوار، دمسا، کالی شلوار، بے حد، میرے پاس پاس، میری جان، بیوٹی پارلر وغیرہ شامل ہیں) میں اداکاری کی ہے.
نادیہ جمیل کا یہ فلاحی کام قابلِ تحسین ہے. شاید اسی کی وجہ سے کینسر جیسی بیماری نے بھی نادیہ جمیل کی جان لینے سے انکار کر دیا.